نئی دہلی،23؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی)آدی باسی خاتون دروپدی مرمو ملک کی 15ویں صدر بن گئی ہیں۔ انہیں کل 64.03 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کے حق میں زبردست کراس ووٹنگ ہوئی ہے۔ بی جے پی لیڈروں کے مطابق اپوزیشن کے 17 ممبران پارلیمنٹ نے کراس ووٹنگ کی ہے۔ جبکہ حزب اختلاف کے ایم ایل ایز کی ایک بڑی تعداد نے بھی مرمو کے حق میں ووٹ ڈالے ہیں۔ بی جے پی لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ سو سے زیادہ اپوزیشن ایم ایل ایز نے کراس ووٹ دیا ہے۔ سب سے زیادہ کراس ووٹنگ آسام میں ہوئی۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ ریاست میں این ڈی اے کے 79/ ایم ایل اے ہیں۔ وہیں مرمو کو 104 ووٹ ملے۔ یعنی وہاں اپوزیشن کے 25 /ایم ایل اے نے مرمو کو ووٹ دیا ہے۔آسام میں ایم ایل اے کی کل تعداد 126 ہے۔ جن میں سے 124/ ایم ایل اے نے اس الیکشن میں ووٹ دیا اور دو ایم ایل اے نے کسی وجہ سے ووٹ نہیں دیا۔ آسام میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے ایم ایل ایز کی تعداد 79 ہے۔ لیکن دروپدی مرمو کے حق میں 104 ووٹ ڈالے گئے یعنی 25/ ایم ایل ایز نے مرمو کے حق میں ووٹ دیا۔وہیں مدھیہ پردیش دوسرے نمبر پر ہے۔ وہیں مرمو کو مزید 16 ووٹ ملے۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے 130/ اور کانگریس کے 96/ ایم ایل اے ہیں۔ وہاں دروپدی مرمو کو 146/ اور یشونت سنہا کو 79 نے ووٹ دیا۔ یعنی 16/ ایم ایل ایز نے کراس ووٹ دیا۔ ایسے میں یہ واضح ہے کہ مدھیہ پردیش میں دروپدی مرمو کے حق میں زبردست کراس ووٹنگ ہوئی۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کراس ووٹنگ کیلئے ایم ایل اے کا شکریہ ادا کیا۔ این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو کو ہر ریاست سے ووٹ ملے جبکہ یشونت سنہا کو آندھرا پردیش، ناگالینڈ اور سکم سے کوئی ووٹ نہیں ملا۔ مغربی بنگال میں بی جے پی کے 77 /ایم ایل اے جیتنے کے بعد آئے۔ آٹھ ٹی ایم سی میں گئے۔ باقی 69/ ایم ایل ایز کو بی جے پی نے انتخابات سے پہلے ہوٹلوں میں بند کرکے ووٹ ڈالنے کی تربیت دی تھی۔ وہیں دروپدی مرمو کو 71/ ایم ایل ایز نے حمایت دی تھی۔ یعنی دو ووٹ اضافی ملے۔یشونت سنہا کو اپنی آبائی ریاست جھارکھنڈ میں 81 میں سے صرف 9 /ایم ایل ایز کے ووٹ ملے۔ وہاں کانگریس ایم ایل اے کی بڑی تعداد نے مرمو کو ووٹ دیا۔ جبکہ دروپدی مرمو کو اپنی آبائی ریاست اڈیشہ میں 147 میں سے 137 / ایم ایل ایز کے ووٹ ملے۔ مہاراشٹر میں، ایکناتھ شنڈے کو اعتماد کے ووٹ میں 164/ ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہوئی جبکہ دروپدی مرمو کو وہاں 181/ ایم ایل اے کا ووٹ ملا۔ شیو سینا کے دونوں دھڑوں نے انہیں ووٹ دیا اور کچھ اپوزیشن جماعتوں کے ایم ایل اے نے کراس ووٹنگ کی۔